عجیب پریشانی

پروین خان، ثمینہ خان۔ میاں چنوں

”میں دولت کے ہاتھوں بہت پریشان ہوں... میری دولت بڑھتی ہی جاتی ہے، کم ہونے کا نام نہیں لیتی۔ مہربانی فرما کر اس کا کوئی حل بتائیں، میں خوب خرچ کرتا ہوں، دوسروں پر اپنی دولت لٹاتا ہوں، تاکہ اس میں کمی آجائے، لیکن ایسا ہو نہیں رہا۔“
دولت مند آدمی کی بات سن کر دانش مند نے حیران ہو کر کہا۔
”آپ ایسا کیوں چاہتے ہیں...“
”میں دولت کی فراوانی سے بہت پریشان رہنے لگا ہوں... اپنی پریشانی دور کرنا چاہتا ہوں...“
”ہوں! کیا آپ زکوٰۃ ادا کرتے ہیں۔“
”بالکل ادا کرتا ہوں۔“
”بس تو پھر یہ اللہ کی دین ہے... وہ جسے چاہتا ہے، عطا کرتا ہے... یہ اس کاوعدہ ہے، جو اس کی راہ میں خرچ کرے گا، وہ اسے اور زیادہ دے گا... اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔“
”لیکن جناب!میں اس بات سے ڈرتا ہوںکہ دولت کی یہ زیادتی کہیںمجھے گناہوں کی طرف نہ لگا دے۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ کوئی ایسا طریقہ بتا دیں کہ دولت میں اضافہ رک جائے۔“
دانش مند سوچ میں ڈوب گیا... آخر اس نے کہا:
”تم ایسا کرو کہ ایک بوری گندم کی لو اور کسی ویرانے میں جا کرایک ایک مٹھی کر کے ساری گندم زمین پر بکھیر دیں... اس ترکیب پر عمل کرنے کے کچھ عرصہ بعد اپنی دولت کا حساب کریں... کم ہونے لگی ہے یا نہیں... پھر مجھے آ کر بتائیں۔“
”جی اچھا!“ اس نے کہا اور چلا گیا۔
اس نے دانش مند کی بتائی ہوئی تدبیر پر عمل کیا۔ ایک ماہ بعد جب اس نے حساب کیا تو دولت چار گنا اور بڑھ چکی تھی۔ وہ پھر دانش مند کے پاس آیا اور بولا:
”جناب! اس طرح تو دولت میں چار گنا اضافہ ہوگیا ہے۔“
”تم نے میری تدبیر پر عمل کیا تھا... ایک بوری گندم مٹھی مٹھی کر کے ویرانے میں بکھیری تھی۔“
”جی بالکل! میں نے ایسا ہی کیا تھا۔“
”کوئی اور بات جو تم نے مجھے نہ بتائی ہو۔“
”جی ہاں! میں اپنے ملازمین کو ساتھ لے گیا تھا۔“
”وہ کس لیے؟“
”میں رزق کی بے ادبی برداشت نہیں کر سکتا... اس لیے میں نے نوکروں کو ہدایات دی تھیں کہ ساتھ ساتھ بکھری ہوئی گندم کا ایک ایک دانہ اٹھاتے چلے آؤ... انھوں نے ایسا ہی کیا تھا۔“
یہ سن کر اس دانش مند نے کہا:
”رزق کا ادب کرنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے آپ کی دولت کو چار گنا کر دیا۔ اللہ تعالیٰ کو آپ کا یہ ادب پسند آگیا... اور ا س نے اپنی نوازشات اور عنایات میں اور اضافہ کر دیا۔ اب آپ کو چاہیے کہ اللہ کا شکر ادا کریں اور اس کے راستے میں خرچ کرتے رہیں، رزق کا ادب کرتے رہیں۔“

-------------o-----------

پرنٹ کریں